بجلی چوری ‘ مزید 375 ملوث‘ ماموں کانجن میں زمیندار کو 11 لاکھ روپے جرمانہ

Mar 07, 2024

لاہور+ ماموں کانجن (اے پی پی + نامہ نگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 375 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے132کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 6 کمرشل، 1انڈسٹریل، 5 زرعی اور364 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو2 لاکھ69 ہزار 6سو70 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت89لاکھ18 ہزار 9سو77 روپے ہے۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق ایس ڈی او فیسکو سب ڈویژن کلیانوالا امیر نواز خاں نیازی نے بجلی چوری کے الزام میں زمیندار کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے علاوہ اس پر11لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ گزشتہ روز فیسکو کی ڈویژنل ٹاسک فورس نے چیکنگ کے دوران کلیانوالا کے نواح چاہ منج والا میں غلام نبی کے نام پر نصب ٹیوب ویل جو تجمل عباس کے زیراستعمال ہے کو مین کیبل سے ڈائریکٹ لگا کر بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ کر موقع پر میٹر اتار کر قبضہ میں لے لیا اور تھانہ گڑھ میں مقدمہ درج کرا دیا۔

مزیدخبریں