فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چانسلر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ علم پر مبنی معیشت، بہترین تحقیقات، اچھے اخلاق اور مثبت رویوں کو معاشرے میں پروان چڑھا کر مایوسیوں کو خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 27ویں جلسہ تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ جلسہ تقسیم اسناد میں سال 2021ءاور 2022ءکے 16229 فارغ التحصیل طلباءو طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جن میں 248پی ایچ ڈی شامل ہیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی کے حامل 42طلبہ کو گولڈ، 94 کو سلور اور 26 کو برا¶نز میڈلز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ ڈگریاں تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ زراعت ترقی پسند صنعت کے طور پر سامنے آئی ہے اگر عام کاشتکاروں تک جدید رحجانات اور ٹیکنالوجی کو پہنچایا جائے تو اس سے نہ صرف غذائی استحکام کا حصول ممکن بنایا جا سکے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کی راہیں بھی ہموار ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روایتی طریقہ کاشت کو پس پشت ڈال کر جدید سائنسی طریقوں کو اپنانا ہو گا۔ انہوںنے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی شخصیت میں اچھے اخلاق اور کردار کی خصوصیات پیدا کرنے کے لئے دانستہ کاوشیں عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ صحیح راستہ مشکل ہوتا ہے مگر انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا ہماری سوسائٹی کے لئے خطرناک ثابت ہو رہا ہے کیونکہ ہم تصدیق کے بغیر معلومات کو تیزی سے معاشرے میں پھیلاتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو بین الاقوامی درجہ بندیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کیو ایس رینکنگ کے مطابق زرعی یونیورسٹی کا ایشیاءمیں 12واں اور پاکستان میں پہلا نمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں7ہزار سے زائد طلباءکی مالی معاونت کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنا علم کا سفر باآسانی جاری رکھ سکیں۔