لاہور( نوائے وقت رپورٹ)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نظامت اعلی تعلقات عامہ پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ حکومتی ویژن، پالیسیوں اور ڈویلپمنٹ ایجنڈا کی مربوط تشہیر کے ساتھ ساتھ ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز کے چیلنجز کا بھی بخوبی مقابلہ کیا جاسکے۔ صوبائی وزیرعظمی بخاری نے یہ بات ڈی جی پی آرمیں محکمانہ بریفنگ کے موقع پر افسروں سے گفتگو میں کہی۔بریفنگ میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت دانیال گیلانی، ایڈیشنل سیکرٹری طارق بسرا،ڈی جی پی آر روبینہ افضل،ڈائریکٹرز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔سیکرٹری اطلاعات و ڈی جی پی آر نے صوبائی وزیر کو محکمہ تعلقات عامہ کی ورکنگ، کارکردگی اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔ حکومتی پرفارمنس کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پرموثر اندازمیں اجاگر کیا جائے۔اس حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ وہ محنتی اور اپنے کام سے مخلص افسران و اہلکاران کی حوصلہ افزائی کریں گی محکمہ اطلاعات کے افسرحکومت پنجاب کی آنکھیں اور کان ہیں اور حکومتی پروجیکشن میں ان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔محکمہ اطلاعات کے ہیڈ آفس اور ضلعوں میں تعینات افسران کو حکومت کی کارکردگی اورفلاحی پالیسیوں کی تشہیرکے لئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔صوبائی وزیر نے ڈی جی پی آر کی آفیشل ویب سائٹ اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سیٹ اپ کی ری ویمپنگ پر زور دیتے ہوئے اس کی بہتری کے لئے تجاویز بھی طلب کرلیں۔
ڈی جی پی آر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا: عظمیٰ بخاری
Mar 07, 2024