غزہ میں فوری جنگ بندی محصور فلسظینیوں کی مدد کی جائے پاکستان

Mar 07, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اسے ختم کرنے کی مسلسل مہم کے باوجود کوئی اور ادارہ اس اہم ایجنسی کی جگہ نہیں لے سکتا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے نیویارک میں او آئی سی گروپ کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم گزشتہ 75 سالوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اہم لائف لائن کے طور پر یو این آر ڈبلیو اے کے کردار کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 193 اجلاس میں اسرائیل، امریکا اور بعض دیگر مغربی ممالک کی جانب سے اس الزام کہ اس ادارے کے عملے کے 12 ارکان 7 اکتوبر کی کارروائیوں میں ملوث تھے کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے او آئی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے سخت افسوس کا اظہار کیا اور اس طرح کے اقدامات پرفوری طور پر نظر ثانی کرنے اور ان کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کی اقوام متحدہ کو جنرل اسمبلی کو صورتحال سے آگاہ کرنے پر سراہا۔ انہوں نے غزہ کی پریشان حال آبادی کو خدمات اور ریلیف فراہم کرنے میں یو این آر ڈبلیو اے کے اہم کردار کی تعریف کی۔ پاکستانی مندوب نے غزہ میں امداد حاصل کرنے کے لئے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور فلسطینی عوام کو درپیش تباہ کن صورتحال پر روشنی ڈالی۔ پاکستان مندوب نے فوری جنگ بندی اور غزہ کے محصور لوگوں کے لیے ہنگامی انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں