برسلز(آئی این پی)بیلجیئم کی وزیر خارجہ خدجہ لا حبیب نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے دو ریاستی حل پر مبنی مذاکرات کا آغاز کرنے والی ایک بین الاقوامی امن کانفرنس کی میزبانی کے اپنے ارادے کا اعلان کیا ہے ۔خدجہ لا حبیب نے بیلجین دارالحکومت برسلز کے میلسبروک فوجی ہوائی اڈے پر پریس کانفرنس میںکہا کہ ہم غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ ایک انسانی المیہ ہے، ہمیں یقینی طور پر غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے، لاحبیب نے کہا کہ ہم نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے بیلجیم میں علاقائی حکومتوں کے درمیان ایک معاہدہ کیا ہے ، ہم اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ بیلجیئم کی وفاقی حکومت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے صحیح وقت کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ اگر بیلجیئم تنہا ہی ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرتا ہے، تو نتیجہ صرف ایک علامتی بیان ہو گا۔