لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحاد امت سے وحدت اور بقائے دین کی مضبوط بنیاد حاصل ہوگی۔ عالم اسلام کا انتشار، بزدلی اور بیحمیتی عالم اسلام کو بحرانوں کے گرداب میں پھنسا چکا ہے۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں نے فلسطین کی آزادی اور مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ اِسی وجہ سے رفتہ رفتہ غزہ کی زمین کو اسرائیلی صیہونیوں نے فلسطینیوں کے قتل اور نسل کشی کا میدان بنادیا ہے اور فاشسٹ مودی جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کیلئے کشمیریوں کو ملیامیٹ کررہا ہے۔ ارضِ فلسطین و کشمیر پر یہود و ہنود کا ناجائز قبضہ اور ظلم تسلیم کرلیا گیا تو مسلمانوں کا کوئی علاقہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔
10 مارچ کو عوام، مرد و خواتین، نوجوان اسلام آباد میں اسرائیل کے سرپرست امریکہ کے سفارت خانے کے باہر غزہ مارچ میں شریک ہوں۔ پاکستان میں عوام کی بیداری اور امریکی، اسرائیلی ظلم کے خلاف احتجاج پوری دنیا میں احتجاج کی نئی لہر پیدا کرے گا۔لیاقت بلوچ نے ہری پور، راولپنڈی اور لاہور میں معززین اور عوامی پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات 2024ءمیں دھاندلی کےخلاف پی ٹی آئی، جے یو آئی، پشتونخوا پارٹی نے اسمبلیوں میں حلف اٹھانے اور حکومت سازی کے آئینی عمل کا حصہ بن کر احتجاج کو دفن کردیا ہے۔