لاہور(نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور الائیڈ ویژن سائنسز کے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب استقبالیہ۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز تھے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، ڈین آلائیڈ ہیلتھ سائنسز رجسٹرار کے ای ایم یو پروفیسر سید اصغر نقی، پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز پروفیسر محمد معین، پروفیسر عرفان عظمت اللہ خواجہ، پرنسپل رہبر میڈیکل کالج پروفیسر زاہد کمال صدیقی، پروفیسر علی مدیحی ہاشمی، پروفیسر اقبال مرزا سمیت فیکلٹی ممبران طلبا و طالبات اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر عدنان حیدر نے سرانجام دئیے۔
اس موقع پر پروفیسر سید اصغر نقی کا شرکاءسے خطاب میں کہنا تھا کہ آپ کا اس تاریخی طبی درسگاہ میں آنا قابل تعریف ہے۔ آپ کو یہاں طبی علم حاصل کرنے اور خود کو بہتر سے بہترین بننے کا موقع ملے گا۔ الائیڈ ہیلتھ پروفشنلز کا شعبہ صحت میں انتہائی اہم کردار ہے جس کے بغیر یہ شعبہ ادھورا ہے۔ آپ کو ڈگری حاصل کرنے کے بعد تحصیل اور ضلعی سطح کے علاوہ دنیا بھر میں روزگار کے مواقعے میسر ہوں گے۔ آج کے دن سب سے زیادہ مبارکباد کے حق دار تو آپ کے والدین ہیں جن کی کاوشوں سے آپ کو یہ مقام ملا۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ ہمیشہ سے ہی میرٹ کے لحاظ سے نمبر ون رہی ہے۔ ایم بی بی ایس کے بعد سب سے زیادہ میرٹ آلائیڈ ہیلتھ سائنسز کا ہے۔