اٹلی نے لاہور سے ویزہ سروس شروع کر دی :آگسٹو پالمیری 

لاہور(کامرس رپورٹر) اٹلی نے تاریخی شہر لاہور سے ویزہ سروس شروع کر دی ہے جبکہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی بہت جلد اسے شروع کر دیا جائے گا۔یہ بات اٹلی کے سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اٹلی کے سفارتخانے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبر چوہدری اس موقع پر خادم حسین نے بھی خطاب کیا۔

اٹلی کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری آگسٹو پالمیری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ لاہور کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ وہ پہلا شہر ہے جس کا انہوں نے سرکاری طور پر دورہ کیا۔ انہوں نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان تعلقات اور کاروباری منصوبوں کے حوالے سے تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور لاہور چیمبر کے صدر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات سے اتفاق کیا۔ لاہور میں ویزا سروسز کھولنے سے کاروباری برادری کو سہولت ملے گی۔ باہمی تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے جس کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔ کاروباری برادری اٹلی میں ہونےوالی نمائشوں میں شریک ہو۔ تجارت بہتر بنانے میں مفاہمتی یادداشتیں اور تجارتی معاہدے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اٹلی پاکستان کےساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ اٹلی کے سفارتخانے کے ساتھ مضبوط ورکنگ ریلیشن رکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن