لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے سابق صدر شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفرمحمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ لاہور چیمبر کیلئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے۔ کہ اس کے سابق صدر شہباز شریف بھاری اکثریت سے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم قومی مقاصد اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ان کی قیادت میں پاکستان بے مثال کامیابیاں حاصل کرے گا۔ یہ اطمینان بخش بات ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو درپیش کلیدی چیلنجز کا ذکر، بجلی کے زیادہ نرخوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ زرعی شعبے کیلئے ترجیحات بتائیں۔ انسانی وسائل کی ترقی پر زور دیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا اور بے گناہ فلسطینیوں و کشمیریوں کے خلاف جارحیت کی مذمت کی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے لاہور چیمبرحکومتی کاوشوں کو آگے بڑھائے گا۔ معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کاروبار اور معیشت سے متعلق پالیسیاں مرتب کرتے ہوئے تاجر برادری کو اعتماد میں لیں گے۔