اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان آج اسلام آباد میں اہم ملاقات متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم اور (ن) لیگ کے قائدین وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے عشایئے سے قبل ملاقات کر سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدارتی انتخاب، وزراتوں اور گورنر سندھ سے متعلق بات چیت ہوگی۔ ایم کیو ایم کی طرف سے خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شرکت کریں گے۔دو روز قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ (ن) لیگ کی جانب سے وفاق میں ایم کیو ایم کو 3 وزارتیں دیے جانے کا امکان ہے ۔جس میں پورٹ اینڈ شپنگ، اوورسیز اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارتیں شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا تھا کہ ایم کیو ایم وزارتوں اور کابینہ میں شمولیت پر مشاورت کر کے فیصلہ کرے گی۔ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس شام 4 بجے پاکستان ہاؤس طلب میں طلب کیا تھا۔ اجلاس میں اراکین رابطہ کمیٹی کو اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے ہونے والے رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا گیا تھا۔رابطہ کمیٹی اراکین کو ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب میں ووٹ کیلیے آصف علی زرداری کے رابطے اور پی پی وفد سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ایم کیو ایم اور (ن) لیگ کے درمیان اہم ملاقات متوقع
Mar 07, 2024 | 18:41