ملک کے مختلف شہروں میں ہونیوالی بارشوں کے بعد شارٹ فال کم ہونے کے باعث لاہورمیں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں تین سے چار گھنٹے کی کمی واقع ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار بارہ ہزار تین سو دوجبکہ ڈیمانڈ تیرہ ہزار سات سوچھبیس میگاواٹ ہے۔ اس وقت ملک میں مجموعی طور پرشارٹ فال ایک ہزار چار سو چھبیس میگاواٹ ہے ۔ دوسری جانب پنجاب کے بعض شہروں میں شارٹ فال کم ہونے کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گھریلو اورصنعتی صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ ادھر حیدرآباد ،سکھر ،جیکب آباد ،سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بجلی کی طویل بندش ہورہی ہے جس کے باعث لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پیپکوزرائع کے مطابق دو پاور پلانٹ سالانہ تعمیر ومرمت کی وجہ سے بند ہونے سے شارٹ فال ایک مرتبہ پھر زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔