امریکی ایف بی آئی نے نیویارک بم دھماکے کی سازش کے ملزم فیصل شہزاد کی آتش گیر مادہ خریدتے ہوئے ویڈیو فوٹیج جاری کردی

May 07, 2010 | 20:08

سفیر یاؤ جنگ
امریکی حکام کی جانب سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی سے  ویڈیو میں فیصل شہزاد کو پینسلوینیا میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے ایک سٹورسے آتش گیرمادے سے بھری چھ بوتلیں خریدتے دکھایا گیا ہے تاہم فینٹم فائرورکس کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس مواد سے ایک طاقتوربم نہیں بنایا جاسکتا تھا۔ ادھر پاکستانی حکومت نے کیس کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی سپیشل برانچ پشاورمحمد اشرف نور ہیں اوریہ ٹیم فیصل شہزاد کے پاکستان میں موجود رشتہ داروں اور دوستوں سے تحقیقات کررہی ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر باراک اوبامہ کی زیرصدارت وائٹ ہائوس میں ہونے والے اعلٰی سطح کے اجلاس میں افغان جنگ اور نیویارک واقعے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صدراوبامہ کے مشیر جان برینن نے فیصل شہزاد کے مقدمے اور اس سلسلے میں ہونے والی گرفتاریوں کے بارے میں بریفننگ دی۔ امریکی صدر نے اس موقع پر اس معاملے میں پاکستانی حکومت کے تعاون کو سراہا۔
مزیدخبریں