عراق کی پیشکشوں کی باوجود پاکستان نے تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) طویل جنگ کے بعد تعمیر نو کے عمل سے گزرنے والا عراق، معیشت اور مالیات سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے قریبی تعاون کا خواہاں ہے لیکن وفاقی حکومت اور دفتر خارجہ کی امریکہ اور یورپ نواز بیورو کریسی مشرق وسطیٰ کے ایک ملک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی۔ مستند ذریعے نے دردمندی سے نوائے وقت کو بتایا کہ عراق تیزی سے ابھرتی ہوئی اہم معیشت ہے جہاں سرمایہ کاری، معاشی تعاون اور افرادی قوت برآمد کرنے کے وسیع امکانات ہیں۔ بھارت ان مواقع سے بھرپور استفادہ کر رہا ہے۔ مگر عراقی حکومت کی طرف سے متعدد بار کی پیشکشوں کے باوجود پاکستان نے کسی بھی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔ پاکستان کی اس بے نیازی کے باوجود عراقی حکومت چند ماہ پہلے تک وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو دورہ عراق کی دعوت دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی تھی لیکن پاکستان کے رواں سیاسی حالات کے پیش نظر اب اس دعوت کا کوئی امکان نہیں رہا۔ اس ذریعے کے مطابق عراق میں مسلسل استحکام آ رہا ہے۔ اور یہ پاکستان کی روایتی اور غیرروایتی برآمدات کی اہم منڈی ثابت ہو سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن