جو جماعتیں الیکشن لڑ رہی ہیں، انہیں نتائج تسلیم کرنا پڑینگے: عارف نظامی

May 07, 2013

اسلام آباد (آن لائن) نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عارف نظامی نے کہا ہے کہ جو جماعتیں الیکشن لڑ رہی ہیں انہیں نتائج بھی تسلیم کرنا پڑیں گے، دہشتگردی کے سائے میں شفاف الیکشن کراناکوئی آسان کام نہیں، ہم ماضی کی طرح جانبدار نگران حکومت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار مارکیٹ میں صحافیوں سے گفتگو اور اخبار فروش یونین کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن صاف و شفاف اور بروقت ہونگے اورگیارہ مئی کو امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا، فوج رینجرز اور پولیس الرٹ ہے، حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج بطورکوئیک رسپانس فورس کام کریگی، انٹیلی جنس معلومات کو مزید بہترکیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے تعاون کررہی ہے۔ اس بار میڈیا پر ریکارڈ انتخابی مہم چل رہی ہے جو خوش آئند بات ہے، ملک بھر میں ریکارڈ دگنے امیدوار انتخابات لڑرہے ہیں، بلوچستان کی قومیت پرست جماعتیں بھی مہم کا حصہ ہیں۔ مشرف کی پارٹی کے سواکسی نے الیکشن کا بائیکاٹ نہیںکیا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ دہشتگردی کے ماحول میں غیرجانبدار الیکشن کرانا جان جوکھوں کاکھیل ہے جو ہم کررہے ہیں، اخبار فروش اور اخبارنویس ایک ہی لڑی کے موتی ہیں اور ہم ان کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہے ہیں، ساتویں ویج ایوارڈ پر جلد عملدرآمد ہونا چاہئے، صحافیوں کو بھی تنخواہیں اور واجبات ملنی چاہئیں جبکہ اخباری مالکان کو بھی اشتہارات کے پیسے ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ اخباری صنعت بحران کا شکار ہے ، آٹھواں ویج ایوارڈ بھی جلد آنا چاہئے، اے پی این ایس اپناکردار اداکرے۔ انہوں نے کہاکہ میں حمید نظامی مرحوم کی وجہ سے اس مقام پر ہوں جنہوں نے ایم ایس ایف کی بنیاد رکھی۔ نوائے وقت آج بھی نظریاتی صحافت کر رہا ہے جس کا اعتراف کرنا چاہئے۔ 

مزیدخبریں