گوجرانوالہ + قصور + سیالکوٹ + ملتان (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران + وقت نیوز + ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے بلے سے بڑے بڑے مگرمچھوں اور چوروں کو پھینٹا لگانا ہے، 500 مگرمچھوں کی فہرست بنالی ہے، رحمن ملک نے شریف برادران کی منی لانڈرنگ کا بتا دیا، کبھی چور چور کا احتساب نہیں کر سکتا، 11 مئی کو لوگ فجر کے بعد پولنگ سٹیشنوں کے باہر لائنیں لگانا شروع کر دیں، نوجوان انتخابات کو اپنی جنگ سمجھتے ہوئے گھروں سے باہر نکلیں، قومیں سڑکیں بنانے سے نہیں بنتیں، لوگوں کو عدل اور انصاف فراہم کرنے سے قوم بنتی ہے، اقتدار میں آکر سب سے پہلے تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی، نوازشریف ملک کے لئے ایسا کیا کریں گے جو وہ 5 باریوں میں ملک کے لئے نہیں کر سکے، سیاستدان ملک سے کرپشن ختم نہیں کر سکتے، خون چوسنے والے مگر مچھوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، 11 مئی کو بلے نے چوروں اور ڈاکوﺅں کے ساتھ بڑا بُرا کرنا ہے، رحمن ملک کو شریف برادران کی کرپشن کا پتا تھا تو انہوں نے احتساب کیوں نہیں کیا، کرپٹ لوگ کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کر سکتے، ان سب کا احتساب عمران خان کرے گا، 11 مئی کو اللہ تعالی نے قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع دیا، قوم کو یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہئے، شخصیت کی بجائے بلے کو ووٹ دےں، عمران خان نے نہ خود کبھی غلامی کی اور نہ ہی پاکستان کو امریکہ کی غلامی کرنے دے گا۔ وہ قصور، ٹھینگ موڑ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان میں جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ قصور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا چور چور کا احتساب نہیں کر سکتا صرف مکا مکا کرتا ہے۔ اصغر خاں کیس میں نواز شریف نے آئی ایس آئی سے پیسہ لئے۔ اب رحمن ملک نے ٹی وی پر بتایا اسحاق ڈار نے اپنے حلفیہ بیان میں کہا کہ نواز شریف تقرےباً ایک ارب روپے خفےہ طور پر ملک سے باہر لے گئے اور حدیبیہ پیپر مل کا 30 ملین ڈالر بھی باہر لے کر گئے۔ دوسری طرف زرداری نے اسمبلی میں کہا سرے محل ان کا نہیں اور جب NRO آیا تو سرے محل کا سارا پیسہ لے گئے اور نواز شریف چپ رہے۔ سوئٹرزلینڈ میں پڑے چھ ارب روپے بھی لے گئے لیکن فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے نواز شریف خاموش رہے کیونکہ انہےں پتہ تھا اگر وہ بولے تو وہ ان کے کاغذات اور حساب کتاب سامنے لے آئیں گے لہٰذا مکا مکا کیا گیا۔ جلسہ سے امیدوار حلقہ این اے 140 میاں خورشید محمود قصوری، امیدوار صوبائی اسمبلی سید مظفر حسن کاظمی اور سردار فاخر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا واقعی شیر کا شکاری آگیا ہے اس شکاری نے ہر اس کا شکار کرنا ہے جس نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ہم سڑکیں نہیں بلکہ ایک قوم بنائیں گے عدل وانصاف کا نظام قائم کریں گے۔ ٹھینگ موڑ، الہ آباد سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گہلن ہٹھاڑ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا دونوں بڑی پارٹیوں کے پاس ایک دوسرے کی کرپشن کے ثبوت ہیں لیکن کرپٹ افراد ایک دوسرے کا احتساب نہیں کر سکتے۔ جلسہ سے میاں خورشید محمود قصوری، فوزیہ قصوری، سردار جاوید عاشق ڈوگر اور سردار محمد حسین ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجھرانوالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 17 سال سے انہیں 11 مئی کے میچ کا شدت سے انتظار تھا اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ ملک کی سب سے بڑی کینسر کرپشن کو ”بلے“ کے سٹروک سے ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا ہم نیا پاکستان چاہتے ہیں ہو سکتا ہے کسی کو غلطی سے ٹکٹ جاری ہو گیا ہو جوکہ معیار پر پورا نہیں اترتا تو بعد میں اسے بھی بلے ہی سے ٹھیک کر لیں گے۔ معلوم ہوا ہے عمران خان جلسے کا خاطر خواہ انتظام نہ کر سکنے پر مقامی قیادت کے خلاف انتہائی برہمی کے ساتھ برستے ہوئے گوجرانوالہ سے روانہ ہوئے۔ نامہ نگار کے مطابق سیالکوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا منی لانڈرنگ کرنے، ملکی دولت لوٹنے اور مک مکا کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کو حل کر کے پاکستان کی شہ رگ کو آزاد کرائیں گے۔ پاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلائیں گے، نہ کسی کے سامنے جھکیں گے اور نہ ہی کسی کے سامنے ہاتھ پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں تعلیم کے نظام پر پانچ گناہ زیادہ خرچ کیا جائے گا تاکہ ملکی کے نوجوان تعلیم یافتہ ہوں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ وقت نیوز کے مطابق ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا یہاں تیر کہیں نظر نہی ں آ رہا، ہم شیر کا شکار کریں گے، شیر شکاری کو دیکھ کر کہیں چھپ گیا، میاں صاحب عوام اب باشعور ہو چکے ہیں، زرداری کو سہارا میں نے نہیں شریف برادران نے دیا ہے۔ ملتان کے جنون کو سلام پیش کرتا ہوں۔ شریف برادران کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا مطلب زرداری کو ووٹ دینا ہے یہاں برادران نے نیا ڈرامہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا زرداری، فضل الرحمن کی وکٹ گرنے والی ہے۔ 11 مئی کے میچ کا 17 سال سے انتظار تھا، 11 مئی کو بلے نے دشمنوں کے ساتھ بڑا بُرا سلوک کرنا ہے، اب بلے سے پھینٹا لگا¶ں گا۔ ڈیزل کی بھی شامت آنے والی ہے مولانا صاحب آپ زرداری کا بغل بچہ تھے، زرداری اور مولانا کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے۔
عمران خان