پنجاب کو 5 سال میں دیوالیہ کرنیوالے اب حکومت کے صرف خواب دیکھیں گے: پرویز الٰہی

May 07, 2013

گجرات (نامہ نگار) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 11 مئی کو صرف کارکردگی اور پاکستان کی ترقی کی سائیکل چلے گی، ہمارا سیاسی ماٹو غریب اور عام آدمی کی خدمت ہے، پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے دوران ہماری شاندار کارکردگی اور عوامی خدمت کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔ وہ گجرات کے قریب لنگے میں انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں فنڈز کے انبار لگا دئیے تھے، دیہات میں گیس، بجلی، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور پکی سڑکیں تعمیر کیں، ہسپتالوں، سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے سکول، کالج، یونیورسٹیاں بنائیں ہر لحاظ سے ہمارا دور مثالی تھا، 1122، مفت تعلیم، مفت کتابیں، پٹرولنگ پوسٹوں کا قیام، چھوٹے گھروں اور ساڑھے 12 ایکڑ زمین پر ٹیکس کا خاتمہ، ہماری خدمت کی شاندار مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کسی وزیراعلیٰ نے صوبائی خزانے میں 100 ارب روپے سرپلس چھوڑے جبکہ شہباز شریف صوبے کو مقروض بنا کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات یونیورسٹی کی طرح یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنانے کے علاوہ پورے ملک میں نئی یونیورسٹیاں بنائیں گے جہاں پر اصلی ڈگری دی جائے گی، پانچ سال میں صوبے کو دیوالیہ کرنے والے اب حکومت کے صرف خواب ہی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم ہر سال نوکریاں دیں گے، خوشحالی اور امن و امان قائم کریں گے۔

مزیدخبریں