لاہور + اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + اپنے نامہ نگار سے + نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت نیوز) 11 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے انتخابات کے باعث سپریم کورٹ میں الیکشن سے متعلق مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت نے رانا جمیل حسن، عبدالغفور لہڑی، امجد علی وڑائچ، عارف حسین کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی جبکہ سید احسان شاہ اور مولانا محمد حنیف کو مشروط طور پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر اور این اے 79 اور پی پی 59 سے رانا فاروق سعید کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ ہائیکورٹ نے دوہری شہریت میں چودھری زاہد اقبال کی سزا کو معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ رانا جمیل جن کا تعلق مسلم لیگ (ن) حلقہ 174 ننکانہ سے ہے کے خلاف 23 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیا گیا ان کے خلاف راشد نامی شخص نے قرض نادہندہ ہونے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی جبکہ عبدالغفور لہڑی جن کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی کے حلقہ 29-PB سے ہے ان کے خلاف ریٹرننگ آفیسرز اصغر خان کی درخواست تھی جبکہ امجد علی وڑائچ نے اپنی نااہلی پرالیکشن ٹربیونل ملتان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ سید احسان شاہ کو 48-PB سے مشروط طور پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی۔ عدالت نے انہیں کہا کہ ان کی جیت کی صورت میں اس وقت تک ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا جب تک کیس کا مکمل فیصلہ نہیں ہو جاتا۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے مولانا محمد حنیف کو الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے عدالتی حکم میں کہا ہے کہ فی الحال الیکشن لڑیں، نظرثانی کی سماعت زیر سماعت رہے گی، فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں رانا جمیل حسن نے لاہور ہائیکورٹ کی طرف الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے رانا فاروق سعید کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بنچ کے الیکشن ٹریبونل نے رانا فاروق سعید خان کو زرعی ٹیکس کا نادہندہ ہونے، بجلی کی چوری کرنے، قبضہ مافیا کی پشت پناہی اور الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات ظاہرکرنے کی بنیاد پر نااہل قراردیاتھا۔ درخواست گزارکے وکیل نے عدالت میں ٹیکس ادا کرنے کے کاغذات دکھائے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار حلقہ این اے 162 چوہدری زاہد اقبال کو سیشن کورٹ ساہیوال سے دوہری شہریت رکھنے پر 15ماہ قید اور 5 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سن کر ساہیوال جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں اپیل دائر کی تھی جس کی گزشتہ روز سماعت ہوئی اور سیشن کورٹ ساہیوال کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ کارکنوں کی بھاری تعداد ان کے چیچہ وطنی ڈیرہ پر جمع ہوگئے اور جشن مناتے ہوئے مٹھائی بانٹی گئی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں رشید اکبر نوانی اور سعید اکبر نوانی کی اہلیت سے متعلق کیس کی سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی گئی جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ان کے وکیل اطہر من اللہ عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کا تعلق NA-73-74 اور PP-49 سے ہے عدالت کے ایک بنچ نے ایک نادہندہ کو فائدہ دیا جو میرے موکل کو بھی دیا جائے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نذیر احمد گجانہ کی عدالت میں سابق ایم این اے شہناز شیخ اور سابق ایم پی اے رانا آصف کی دوہری شہریت کیس کی سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے الیکشن کمشن کے وکیل کو دلائل کے لئے طلب کر لیا ہے۔
رانا جمیل، عبدالغفور لہڑی، امجد وڑائچ، عارف حسین، فاروق سعید کو الیکشن لڑنے کی اجازت
May 07, 2013