مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں: فضل الرحمن

May 07, 2013

مانسہرہ (اے پی اے) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ سے کراچی تک خون کا دریا بہہ رہا ہے، اسلام کے نام پر بنائے گئے ملک کا 65 سالوں میں شیرازہ بکھر گیا ہے، ہم الگ الگ قومیتوں میں بٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی پر اپنا نظریہ نافذ نہیں کرسکتے، لیکن بھائی چارہ تو پیدا کرسکتے ہیں، فرقہ واریت کا سانپ قوم کو ڈس رہا ہے، ہمیں احساس تک نہیں کہ اس کا انجام کیا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک قرض میں ڈوبا ہوا ہے، پھر بھی ملکی وسائل کا استعمال نہیں کیا جا رہا، اگر ملکی وسائل کو استعمال میں لایا جاتا تو پاکستان خطے کا ٹائیگر بن جاتا، بیرونی طاقتوں نے اپنے مفادات کیلئے آج پاکستانی قوم کے ایک ایک بچے کو گروی رکھ دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ جے یو آئی ف جیسا منشور کسی کے پاس نہیں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی شہروں میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر ہمارے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں ہے اور (ن) لیگ میں ن بے وقعت ہے اس میں ن کا نقطہ ہی نہیں۔ مولا نا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی سیاست کا مقصد پسماندہ طبقوں کے حقوق کا تحفظ کرنا اور آنے والی نئی نسلوں کوبہترین مستقبل دینا ہے۔ 

مزیدخبریں