کراچی (آئی این پی)پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے دیگر صوبوں سے آنے والوں کیلئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کے فیصلے کے بعد لگتا ہے ہمیں بیرونی ممالک کی طرح پنجاب بھی ویزا لیکر جانا پڑیگا، یہ غیر آئینی فیصلہ ہے۔ ٹوئیٹر پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ فیصلہ غیر آئینی ہے۔ دریں اثناء پولیو کے حوالے سے پاکستان میں اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کو پولیو کے حوالے سے قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرأتمندانہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو اسکے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سفری پابندیوں کے فیصلے پر حیران نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا صحت کے عالمی اداروں اور تنظیموں نے کئی مرتبہ پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔
’’پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ‘‘ کیا اب پنجاب جانے کیلئے بھی ویزا لینا پڑیگا: بلاول، وزیراعظم کو موذی مرض کیخلاف جرأتمندانہ فیصلے کرنا ہونگے: آصفہ
May 07, 2014