کراچی (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کی جانب سے کارکنوں کے اغوا اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی پر دھرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔ رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں 72 گھنٹے کے الٹی میٹم سمیت وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور رحمان ملک کی جانب سے کارکنوں کے اغوا اور ماورائے عدالت قتل پر منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر کرائی گئی یقین دہانیوں کی روشنی میں دھرنے کا فیصلہ فی الحال موخر کیا گیا اور امید ہے حکومت وعدے کے مطابق لاپتہ کارکنان کو جلد بازیاب کرائے گی۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں ہوا جس میں ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کیلئے جامع اور مربوط لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاپتہ کارکنوں کی جلد بازیابی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے ہوگا۔ ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکنوں کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین سے اظہار افسوس کیا گیا۔