میران شاہ+ وانا (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دو طالبان گروپوں کے درمیان شدید جھڑپ میں مزید 13 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ دونوں طرف سے فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ جھڑپ شہریار محسود اور خان سید عرف سجنا گروپ میں ہوئی۔ جھڑپیں 24 گھنٹے سے جاری ہیں۔ اس سے قبل کچھ عرصہ پہلے بھی دونوں گروپوں کے درمیان علاقے پر کنٹرول کیلئے جھڑپیں ہوئی تھیں جس کے سبب حکومت طالبان مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔ کالعدم تحریک طالبان نے دونوں گروپوں میں معاملات طے کرائے تھے جبکہ شہریار محسود طالبان گروپ کے کمانڈر شاہ فیصل نے دعوی کیا ہے کہ ہم نے پیش قدمی کی اور مخالف خان سید سجنا گروپ کے تین اہم ٹھکانوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ 20 افراد کو زندہ پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ ان جھڑپوں میں شہریار محسود طالبان گروپ کے 6 افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ دونوں جانب سے ہلکے اور بھارتی اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔ شوال کے پہاڑی علاقوں میں دونوں گروپس مورچہ زن ہیں اور ایک دوسرے پر حملے کر رہے ہیں۔
شمالی وزیرستان: طالبان گروپوں میں جھڑپ‘ مزید 13 افراد جاں بحق‘ 8 زخمی
May 07, 2014