پاکستان میں پولیو کیخلاف مہم امام کعبہ بھی شرکت کرینگے

اسلام آباد (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستانیوں پر سفری پابندیوں کی تجویز کے بعد پاکستانی حکام نے ملک میں ایک خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں امام کعبہ بھی شریک ہوں گے۔ وزیر مملکت برائے صحت سائرہ تارڑ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستانی پولیو فری سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی ملک کا سفر نہیں کر سکیں گے جو کہ قابل تشویش اقدام ہے۔ اس سے قبل بھارت بھی اس طرح کی پابندیوں کا سامنا کر چکا ہے۔ انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پاکستان کے پانچ ائرپورٹس سے روزانہ تقریباً 12 ہزار افراد بیرون ملک سفر کرتے ہیں۔ اگلے ماہ ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے جس میں امام کعبہ بھی شرکت کریں گے۔  پولیو کے پھیلاؤ میں مذہب کا عنصر رکاوٹ نہیں بلکہ متاثرہ علاقوں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث پانچ سال سے کم عمر کے بچوں تک پولیو ٹیموں کی عدم رسائی ہے۔ 2014ء کے دوران پولیو کے کیسوں میں مجموعی طور پر کمی آئی ہے لیکن اس پر مکمل طور قابونہیں پایا جا سکا۔ گذشتہ دو سالوں سے صوبہ بلوچستان سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے جبکہ کراچی، پشاور اور قبائلی علاقوں میں پولیو کے کیسوں میں اضافہ ہوا ہے جہاں پولیو ورکروں پر حملے ہوئے ہیں۔ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پولیو کیخلاف بہتراقدامات کیے ہیں اور اس مقصد کیلئے علما کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں صحافیوں سے بات چیت میں سائرہ افضل تارڑ نے مزید کہا کہ آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیاگیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوشش ہے کہ فوری طور پر بیرون ملک سفر کرنے والوں مسافروں کو تمام ائرپورٹس پر پولیوکے قطرے پلانے کیلئے خصوصی انتظامات کرے۔ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں قبائلی علاقوں میں پولیو مہم کے حوالے بھی بات کی جا رہی ہے۔ اگر ہم پولیو کیخلاف موثر اقدامات کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پابندیاں تین ماہ میں ختم یا نرم ہوسکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن