پاکستان اپنی سرزمین سے بھارت پر حملے بند کرائے، تعاون کرینگے: مودی کی درفنطنی

May 07, 2014

نئی دہلی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ غربت کیخلاف جنگ میں پاکستان اور بھارت اتحادی ہونے چاہئیں، غربت پاکستان اور بھارت کی مشترکہ دشمن ہے۔ پاکستان بھارت کو اسکے خلاف جہاد کرنا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگاتے کہا پاکستان اپنی سرزمین سے حملے بند کرائے ہم تعاون کریں گے۔ ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں کہا ماضی میں دفاعی ٹھیکوں میں بدترین کرپشن کی گئی، اقتدار ملا تو کرپشن کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرونگا۔ پاکستان سے تعلقات کی نئی شروعات کرنا چاہتے ہیں، اگر پاکستان کی سرزمین سے دہشت گرد حملے بند ہوئے تو پاکستان سے اقتصادی تعاون کے نئے دور کی شروعات کی جائیگی، پاکستان کو اپنی سرزمین سے بھارت پر ہونیوالے دہشت گرد حملے بند کرکے بحالی اعتماد کے اقدامات کرنے کا ثبوت دینا ہوگا۔ دونوں ملکوں میں اعتماد کا بحال ہونا لازمی ہے۔ مودی نے کہاکہ اگر وہ برسراقتدار آئے، تو وہ دفاعی سودوں میں ہونیوالی بڑی بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے قدم اٹھائیں گے، صرف اسی صورت میں ملکی فوج کو کسی بھی جنگ کے لئے بھرپور انداز سے تیار کیا جا سکتا ہے۔ مودی نے کہا کہ بروقت، مناسب قیمت اور بدعنوانی سے پاک دفاعی خریداری ملکی فوج کیلئے انتہائی ضروری ہے تاکہ اسے ہتھیار اور دیگر آلات بہترین انداز سے مہیا کیے جا سکیں، انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہماری صورتحال انتہائی گھمبیر رہی ہے جب کوئی بھی دفاعی خریداری وقت پر نہیں ہوئی اور دفاعی سودوں کی شفافیت پر انتہائی سنجیدہ سوالات اٹھے۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت کے لیے بہترین یہی ہو گا کہ دفاعی سودوں کیلئے ایک نظام متعارف کروایا جائے جس کے ذریعے بروقت اور مناسب قیمت دفاعی سازوسامان شفاف انداز میں خریدا جا سکے۔

مزیدخبریں