لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رکھی جائے۔ انسداد پولیو ویکسین کی سوفیصد کوریج یقینی بنائی جائے۔ کوئی بھی بچہ انسداد پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔ انسداد پولیو مہم میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ وہ گزشتہ روز انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی وائرس ہے جس کا تدارک کرکے قوم کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے کا کام جنگی بنیادوں پر کیا جائے۔ انتظامی مشینری کے ساتھ منتخب نمائندوں کو بھی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ ائیرپورٹس، ریلوے سٹیشنز اور بس اڈوں پر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کیلئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ پنجاب حکومت بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے داخلی اور خارجی مقامات پر انسداد پولیو مہم کیلئے موثر انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ خانہ بدوش بستیوں میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں ماحولیاتی نمونہ پازیٹو آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا پھیلائو روکنے کے ساتھ اس وائرس کی وجوہات کا سدباب بھی نہایت ضروری ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کو ہر حال میں 10 ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبے کے تعمیری کام کے معیار کا پورا خیال رکھا جائے۔ ٹرین کے ذریعے راولپنڈی آنے جانے والے مسافروں کی میٹرو بس تک رسائی کے لئے ریلوے سٹیشن سے مری روڈ تک شٹل سروس کی سڑک تعمیر کی جائے۔ میٹروبس منصوبے کی لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے خصوصی منصوبہ بنایا جائے۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہئے۔ کنٹریکٹرز کو پابند بنایا جائے کہ وہ تعمیر کے دوران ملبہ کو بلا تاخیر اٹھائیں۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس مفاد عامہ کاشاندار منصوبہ ہے تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں میٹرو بس سروس پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کی نگرانی کے لئے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کی سربراہی میں عملدرآمد کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو معیار اور شیڈول کے مطابق منصوبے کی تکمیل یقینی بنائے گی۔ میٹرو بس سروس کے سٹارٹنگ پوائنٹ پر پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہفتہ وار بنیادوں پر خود منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیتے رہیں گے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کاعمل کامیابی کے ساتھ جاری ہے اورپنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااحتیار بنانے کیلئے انقلابی پروگرام شروع کئے ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزاء اورمثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔رواں برس بھی ہونہار اورذہین طلبا و طالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے جائیں گے۔لیپ ٹاپ کی خریداری سے تقسیم تک کا تمام عمل شفاف ہوگا۔وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے مختصر، وسط مدتی اور طویل المدت اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ فروغ تعلیم کے ساتھ اساتذہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اس ضمن میں برطانیہ کا ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ڈیفڈ قابل تحسین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے دورہ برطانیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، نائب وزیراعظم اور دیگر وزراء نے بھی پنجاب حکومت کے شعبہ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کو سراہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امتحانات کے پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سکولوں میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کے پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے بہاولپور میں حل شدہ پرچے چھیننے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیو ویکسین کی 100 فیصد کوریج یقینی بنائی جائے‘ غفلت برداشت نہیں کرونگا: شہباز شریف
May 07, 2014