واشنگٹن(اے این این) امریکہ نے داعش کے مزید چار رہنماؤںکے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر دو کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کر دیا، ان چار رہنماؤں میں سے ایک طارق الحارزی ہیں جن کی خود کش بمباروں کے سربراہ کے طور پر شناخت کی جاتی ہے،امریکہ نے داعش خلیفہ ابو بکر البغدادی کے سر کی قیمت پہلے ہی ایک کروڑ ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے چار رہنماؤں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر مجموعی طور پر دو کروڑ ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ دوسرے رہنما ابو محمد الادانی ہیں جو دولت اسلامیہ کے باضابطہ ترجمان ہیں۔امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دولت اسلامیہ اجتماعی پھانسی، قتل عام، ظالمانہ کارروائیوں، غارت گری، ریپ اور بچوں کے قتل کے لیے ذمہ دار ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے عبدالرحمن مصطفی القدولی کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے 70 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا۔ ان کے علاوہ ابو محمد الادانی اور ترخان تیمورازووچ بتراشولی کے لیے 50، 50 لاکھ جبکہ طارق بن الطاہر الحازری پر 30 لاکھ امریکی ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قدولی عراق میں القاعدہ دھڑے کے سربراہ ابو مصعب زرقاروی کے نائب تھے اور جیل سے رہائی کے بعد دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کے لیے وہ 2012 میں شام پہنچے تھے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا تا کہ ہمیں اصل حقائق کا پتہ چلے۔