لاہور (خبر نگار) لاہور ائرپورٹ پر پی آئی اے ملازمین نے ڈائریکٹر ویجیلنس کے مسافروں سے اضافی سامان کے پورے پیسے وصول کرنے کے احکامات پر ہڑتال کردی۔ پی آئی اے کا تمام نظام ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ پروازوں کی روانگی کا سلسلہ رک گیا۔ ائرپورٹ پر مسافر پریشان پھرتے رہے۔ پی آئی اے کا عملہ کام چھوڑ کر انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتا رہا۔ پی آئی اے کی سی بی اے یونین ائر لیگ کے عہدیداروں کی ایما پر ہونے والی ہڑتال اس وقت شروع ہوئی جب کراچی سے آنے والے ڈائریکٹر ویجیلنس نے پی آئی اے کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں کا اضافی سامان ’’کلیئر‘‘ کرنے کی بجائے اضافی سامان کے باقاعدہ پیسے وصول کریں۔ ڈائریکٹر ویجیلنس کی ان ہدایات پر پی آئی اے ملازمین نے ہڑتال کردی جو تقریباً 4 گھنٹے جاری رہی۔ اس ہڑتال کی وجہ سے پی آئی اے کی اوسلو، ناروے، مانچسٹر اور کراچی جانے والی 4 پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ عملے کو بمشکل منا کر ڈیوٹی پر راضی کیا گیا۔