کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں نوجوان اور لڑکی ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں نوجوان کو اغوا کرکے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جس کی نعش شاہ فیصل پل کے نیچے ملیر ندی سے ملی شناخت نہیں ہو سکی۔ ادھر پاک کالونی کے علاقے میں بے نظیر پارک سے نوجوان لڑکی کی برہنہ لاش ملی جس کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی عمر تقریباً 18 سال تھی اور اسے مبینہ طورپر زیادتی کے بعد تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سرجانی ٹائون میں مسلح افراد نے ایک شخص یوسف کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جبکہ ناظم آباد نمبر چار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ اکرم ملک زخمی ہوگیا۔ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان عدنان عرف ملا اور محبوب علی عرف ٹماٹر 20افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں کیا ہے اور اس سلسلے میں دونوں سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ کلفٹن انوسٹی گیشن پولیس نے ڈاکٹر کے قتل میںملوث ملزم کو گرفتار کرکے پستول برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد شیخ عرف حماد نے چار سال قبل کو سب میرین چورنگی کے نزدیک کار پر فائرنگ کرکے پروفیسر ڈاکٹرسلیم کھرل کو ہلاک کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں سرسید ٹائون کے ایک مکان میں گھس کر لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جس سے ایک ڈاکو وقاص ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ایک ساتھی شکیل کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کا اسے ایس آئی ندیم بھی زخمی ہوا۔ ادھر کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں لوٹ مار کے دوران پولیس کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم طارق چانڈیو عرف فرحان مارا گیا جبکہ گلستان جوہر میں راشد منہاس روڈ پر لال فلیٹ کے نزدیک پولیس کے ساتھ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم ثنا اللہ نے ہسپتال میں دم توڑ دیا جبکہ لیاری کے علاقے دریا آباد میں پولیس مقابلے کے دوران گینگسٹر اسامہ مارا گیا۔
کراچی: لڑکے اور لڑکی کی نعشیں برآمد پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو ہلاک
May 07, 2015