اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تنہائی سے نکل کر عالمی برادری میں نمایاں کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشغر سے گوادر تک اقتصادی شاہراہ سے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں میں انقلاب آجائے گا۔ قوم ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو مسترد کر دے، پاکستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ کرپشن ہے، نوجوانوں کرپشن کی بُرائی کے خلاف بات کریں اور جدوجہد کریں، عوام کرپٹ عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں۔ وہ بدھ کو یہاں انجمن ہلال احمر اور ریڈ کراس سوسائٹی کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ پاکستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ کرپشن ہے، نوجوانوں کرپشن کی بُرائی کے خلاف بات کریں اور جدوجہد کریں، عوام کرپٹ عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں قدرتی آفات اور سیلاب آتے رہتے ہیں ۔ تربیت یافتہ رضاکار کسی بھی تباہی کے نقصانات کو کم کرسکتے ہیں۔ ہر گھر میں ایک تربیت یافتہ رضاکار کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔صدرِ مملکت نے قدرتی آفات، زلزلہ، سیلاب اور قحط کے دوران ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان قدرتی آفات اور دیگر حادثات کے دوران دُکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے اور ہماری رضاکاروں کی فورس ہمہ وقت قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان اسلام آباد/ راولپنڈی کیلئے ایمبولینس ایمرجنسی سروس اور ہیلپ لائن 1030 کام کررہی ہے اور مشکل میں وقت میںہر وقت تیار رہتی ہے۔
ملکی مسائل کی سب سے بڑی وجہ کرپشن، نوجوان خاتمہ کیلئے جدوجہد کریں: صدر مملکت
May 07, 2015