مردان (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی سے ان کے والد اعظم خان ہوتی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبرو جمیل کی دعا کی۔ بدھ کو وزیراعظم نواز شریف نے مردان کا مختصر دورہ کیا۔ انہوں نے ہوتی ہائوس مردان میں سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان سے ان کے والد اعظم خان ہوتی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبرو جمیل کی دعا کی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سلطان مدد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ لوڈشیڈنگ کی صورتحال سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئے۔ملاقات میں این اے 125سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے پر بھی غور کیا گیا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔