راولپنڈی+ لاہور (ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود جوانوں کی فٹنس بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ پاک فوج کے جوانون نے میدان جنگ سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحتیوں کالوہا منوایا ہے، ہمارے جوان کھیل کے شعبے میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کہا گیا ہے کہ لاہور میں ہونے والی پانچویں پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقابلوں کے معیار اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا،اس تقریب میںکو کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علوی بھی آرمی چیف کے ساتھ موجود تھے۔آرمی چیف نے کہا کہ جدید جنگی ٹیکنالوجی کے باوجود بھی نوجوان سپاہیوں کی فٹنس بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 اپریل سے لاہور کے ایوب سٹیڈیم میں شروع ہونے والے پاک فوج کے جسمانی حربی اہلیت اور کارکردگی کے مقابلے 6 مئی تک جاری رہے، جسمانی مقابلوں میں راولپنڈی کور کی ٹیم نے پہلی جبکہ کراچی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، مقابلوں میں ملک بھر سے 275 فوجی جوانوں نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے سربراہ نے تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کر نے والی ٹیموں اور جوانوں میں انعامات تقسیم کئے انفرادی مقابلوں میں نائیک محمد اویس نے دو میل کی دوڑ 10.01 منٹ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سپاہی فاروق جنگی استعداد کا ٹیسٹ 59.42 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلے نمبر پر رہے۔ اسی طرح گنر اشفاق حسین نے 56 پل اپس کے ساتھ اس کیٹیگری کے مقابلے میں پوزیشن حاصل کی۔ سٹ اپ کے مقابلے میں سپاہی نوید الحسن 30 منٹ میں 1948 سٹ اپس کے ساتھ سرفہرست رہے۔ سپاہی اکرام نے 30 منٹ میں 1705 پش اپ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور مجموعی طور پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا ۔سپاہی ناصر محمود مجموعی طور پر مقابلوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔
پاک فوج نے جنگ سمیت ہر شعبے میں صلاحیتوں کا لوہا منایا: جنرل راحیل
May 07, 2016