لاہور+ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ بار کے سابق صدر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اپوزیشن نے اپنے ٹی او آرز حکومت کو پیش کر دئیے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ احتساب بھی ملزم کی شرائط پر کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز نے کہا ہے ابھی متحدہ اپوزیشن کا آغاز ہے، آگے جاکر اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی اگر حکومت نے اپنے ٹی او آرز پر اصرار کیا تو اپوزیشن کا اصرار بھی بڑھتا جائیگا۔ وزیراعظم نے اپنا اور اپنے خاندان کا نام پہلے پیش کیا اب روتے کیوں ہیں؟ اپوزیشن جماعتوں کے ٹی او آرز متفقہ ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کو روکا جا رہا ہے، جتنے لوگ بھی پانامہ لیکس میں ہیں ان سب کا احتساب ہونا چاہئے، ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ٹی او آرز حتمی ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، قومی اسمبلی نے اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنمائوں کے اجلاس میں لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔