اسلام آباد + لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ وقت رپورٹ) پاکستان نے فیصلہ کن معرکہ میں روایتی حریف بھارت کو 50-31 سے ہرا کر تیسرے ایشیا کپ کبڈی چیمپئن شپ کافائنل جیت کر اپنا اعزاز برقرار رکھا جبکہ ایران نے افغانستان کی ٹیم کو 57-14 سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن اور سابق ڈائریکٹر آرمی سپورٹس بریگیڈیئر (ر) اقتدار نصراللہ سمیت پی او ایف اور وزارت کھیل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے میچ میں کسی قسم کی بدمزدگی نہیں ہوئی اور شائقین کی بڑی تعداد کبڈی کے اعلیٰ معیار سے محظوظ ہوئی۔ میچ میں وقفہ تک پاکستان کو بھارت پر 24-19 کی برتری حاصل تھی۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان کبڈی فیڈریشن اور پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں ایشیا کے چھ ممالک پاکستان‘ بھارت‘ ایران‘ افغانستان‘ سری لنکا اور نیپال کی ٹیموں نے سنگل لیگ سسٹم کی بنیاد پر شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے مانا جٹ، شفیق چشتی، وقاص بٹ، بلال محسن ڈھلوں، رانا محمد عاطف نے نمایاں کاکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2 دفعہ ایشیا کبڈی کپ کھیلا گیا جس میں ایک مرتبہ پاکستان اور ایک بار بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، عمران خان، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی مبارکباد دی ہے۔
پاکستان بھارت کو ہرا کر پھر ایشین کبڈی چیمپئن بن گیا
May 07, 2016