لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کا کھویا مقام واپس حاصل کرنے کیلئے بحریہ ٹاون نے بھی اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا ہے اور بحریہ ٹاون میں ہاکی سٹیڈیم کا گذشتہ روز افتتاح کیا گیا ہے۔ بریگیڈیئر (ر) احد مظفر شاہ ایڈمنسٹریٹر بحریہ ٹائون لاہور نے ہاکی سٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر بحریہ ٹائون سپورٹس ونگ کے ڈائریکٹر سید خاور شاہ ، محمد طارق بٹ چیئرمین یوسی 265، چوہدری طاہر رضوان سابق ہاکی پلیئر اور سلیم احمد خان منیجر بحریہ ٹائون فٹبال اکیڈمی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی کالونی ہاکی کلب اور طارق بٹ ہاکی اکیڈمی کے درمیان نمائشی ہاکی میچ کھیلا گیا جس میں طارق بٹ اکیڈمی نے وفاقی کالونی ہاکی کلب کو چار کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔