شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ میں نرسوں کے ساتھ ایم ایس کے ناروا رویہ کے خلاف دوسر ے روز بھی احتجاج جاری رہا اور نرسوں نے پیرا میڈیکل سٹاف اور درجہ چہارم کے ملازمین کی مدد سے لاہور سرگودھا روڈ پر کیمپ لگا کر دھرنا دیا اور ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک بلاک کردی، شدید گرمی اور حبس کے باعث چار نرسیں بے ہوش بھی ہوگئیں، احتجاج میں شدت آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے احتجاج ختم کروانے کیلئے ڈی سی او شیخوپورہ ارقم طارق کو سیکرٹری ہیلتھ سے فوری بات کرنے کی ہدایت کی ڈی سی او ارقم طارق نے 20گھنٹے بعد نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کو ضلع بدر کرکے انکی خدمات سیکرٹری ہیلتھ کے سپرد کر دیں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ای ڈی او ہیلتھ کو ایم ایس کا اضافی چارج دیدیا گیا، ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ کے ضلع بدر ہونے کے بعد ہسپتال کی کارڈیالوجی وارڈ بھی خالی ہوگئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گزشتہ روز سینئر نرسوں کے ساتھ ایم ایس کی غیر شائستہ گفتگو کے بعد ڈی ایچ کیو اور چلڈرن کمپلیکس میں نرسوں نے کام چھوڑ کر احتجاج شروع کردیا تھا۔شہری حلقوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے ڈی سی او نے بر وقت کارروائی کیوں نہ کی۔ دریں اثناء ضلع بدر ہونے والے ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بندیشہ نے بھی رابطہ کرنے پر بتایا ان کے خلاف بعض ڈاکٹروں نے پیرا میڈیکل سٹاف سے ملکر سازش کی ہے۔