لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی نے قرار دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پانامہ لیکس کے سمندر میں غرق ہو جائے گی۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما اور شہید بے نظیر بھٹو کے سابق ترجمان چودھری منور انجم، پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کی ممبر لبنیٰ چودھری ایڈووکیٹ، پی پی پی پی کے رہنما اشرف بھٹی اور عابد صدیقی نے اپنے الگ الگ بیانات میں نواز شریف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چودھری منور انجم نے کہا کہ اپوزیشن کے متفقہ ٹی آر اوز پر بات چیت کر کے حکمرانوں نے درمیانی راستہ نہ نکالا تو نہ صرف خود حکمران اور ان کی حکومت ڈوبے گی بلکہ ملک کا بھی نقصان ہو گا۔ لبنیٰ چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج نہیں تو کل وزیراعظم نواز شریف کو حکومت چھوڑنا پڑے گی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکمرانوں کو اس بار بیساکھیاں نہیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اوزیشن اپنے متفقہ ٹی آر اوز سے دستبردار ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ عابد صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پانامہ لیکس پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔
حکومت پانامہ لیکس کے سمندر میں غرق ہو جائے گی: پی پی رہنما
May 07, 2016