جے آئی ٹی کی کارروائی اوپن کی جائے‘ بند کمروں میں تحقیقات سے شبہات جنم لیں گے: سراج الحق

May 07, 2017

لاہور+ نورپور تھل (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی کی شفاف تحقیقات کے لئے ضروری ہے کہ وزیراعظم کو اپنی کرسی پر نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کرسی نہ چھوڑی تو اداروں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ اللہ نے نوازشریف کو تاریخ میں نام لکھوانے کا ایک موقع دیا مگر حکمرانوں کا المیہ یہ ہے کہ جب تک عوام انکے خلاف گلی کوچوں میں سراپا احتجاج نہ بنیں، وہ اقتدار سے الگ نہیں ہوتے۔ چمن بارڈر پر حملہ افغانستان کی بڑی غلطی ہے۔ اشرف غنی جتنی جلدی معافی مانگ لیں اچھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری جے آئی یوتھ خیبر پی کے کے منتخب عہدیداروں کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قوم جے آئی ٹی کی کارروائی براہ راست دیکھنا چاہتی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جے آئی ٹی کی کاروائی کو اوپن کیا جائے‘ بند کمروں میں تحقیقات سے شکوک و شبہات جنم لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں تمام ذمہ داری عدالتوں پر نہیں ڈالنا چاہئے، کرپٹ حکمرانوں کیلئے عوام کو بھی اٹھنا ہوگا‘ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے ایسے لوگوں کا احتساب کریں‘ غاروں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف ردالفساد ہے تو ایوان میں بیٹھے ہوئے معاشی دہشت گردوں کیلئے بھی ردالفساد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور اقتدار کے ایوانوں اور عالیشان محلوں سے کرپشن کے جنازے نکلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کی طرف سے پاکستان پر حملہ ہماری وزارت خارجہ کی ناکامی ہے۔ نوازشریف کو وزارت خارجہ کیلئے اپنے علاوہ کوئی شخص نظر نہیں آتا کیا وہ قوم کو جواب دے سکتے ہیں کہ 20 کروڑ عوام کا وزیرخارجہ کیوں نہیں ہے۔ دریں اثناء سراج الحق نے کہا کہ وقت کا اہم تقاضا ہے کہ دینی جماعتوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے، اسلامی اقدار کے فروغ، شعائر دینی کے تحفظ کیلئے ملکر چلنا پڑیگا، اگر دینی جماعتیں متحد ہوجائیں تو کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائدآباد کے نجی ہوٹل میں جماعت اسلامی حلقہ پی پی 40 کے جنرل سیکرٹری رائو وقاص الرحمن ایڈووکیٹ کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر جے یو آئی کے امیر صاحبزادہ عبدالماجد علوی، قاری عبدالصمد اورعبدالصمد ورک ایڈووکیٹ سمیت دیگر عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملکی حالات کے تناظر میں دیکھا جائے تو عصرحاضر میں ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر آئندہ قومی انتخابات میں کرپشن مافیا کو یکسر مسترد کرنے کیلئے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) کے لٹیرے حکمرانوں سے نجات کیلئے انہیں مسترد کردیں۔

مزیدخبریں