کراچی : انٹر پیپر پھر آئوٹ، واٹس ایپ گروپ میں بھارتی نمبر ہیں: وزیر تعلیم سندھ

کراچی (اے این این+ نیٹ نیوز) کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں بدنظمی اور پیپر آئوٹ ہونے کے معاملے نے سب کو ہلا ضرور دیا ہے لیکن اسکے باوجود نقل اور پیپر آئوٹ ہونے کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اب نقل کیلئے بنائے گئے مختلف واٹس ایپ گروپ پر بھارتی نمبروں کی موجودگی کا انکشاف بھی ہوا ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز بارہویں جماعت کا فزکس اور دوپہر میں بارہویں جماعت اکاؤنٹنگ کا پرچہ بھی آئوٹ ہوگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا واٹس ایپ گروپ میں بھارتی نمبرز کی موجودگی کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اسکے ساتھ نقل مافیا کو پکڑنے کا ٹاسک پولیس کے انسداد دہشت گردی محکمے (سی ٹی ڈی) کے سپرد کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زم زمہ کالج کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ نقل کی روک تھام کے لیے آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کلاس رومز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی جائے جس کا اعلان پہلے ہی سندھ حکومت کرچکی ہے اور تمام امتحانی مراکز پر باقاعدہ بینرز بھی آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم سندھ نے انٹر امتحانات میں نقل بھی بھارت کے کھاتے میں ڈال دی۔ جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے واٹس ایپ گروپ میں بھارتی ساختہ نمبرز شامل ہیں۔ تحقیقات کیلئے سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کو کہہ دیا ہے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی درخواست پر سی ٹی ڈی نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی نوید خواجہ ہیں۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے محکمہ تعلیم سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا واٹس ایپ گروپ میں شامل بھارتی نمبرز کی تمام معلومات پیر تک مل جائیں گی۔پرچہ آئوٹ ہونے کے معاملے پر تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واٹس ایپ گروپ28مارچ کو سلیم جان بھگیو نے بنایا۔ سلیم جان بھگیو حیدر آباد کا رہائشی ہے اور اس کی سیاسی شخصیات سے تعلقات ہیں۔ گروپ میں متحرک رکن شیروز قریشی بھی حیدر آباد کا رہائشی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...