اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے قومی احتساب بیورو کسی بھی قیمت پر بدعنوانی کے خاتمے کےلئے پُرعزم ہے ، نیب کے تمام ادارہ جاتی کمزوریوں کا جائزہ لےکر اس کے تمام شعبوں کو ازسرنو فعال کیا گیا ہے، حالیہ تین برسوں کے دوران نیب نے ملتان ‘ سکھر اور گلگت بلتستان میں اپنے تین علاقائی دفتر قائم کرنے سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، نیب کی بنیادی توجہ مالیاتی کمپنیوں بینک فراڈ ‘ بینکوں کے ناہندگان‘ اختیار کے ناجائز استعمال اور ریاست کے فنڈزمیں حکومتی ملازمین کی جانب سے خورد برد پر ہے۔ ہفتہ کو نیب کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین نیب نے کہا احتساب بیورو نے بڑی مقدار میں لوٹے گئے پیسے واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں موجودہ مدت میں نیب نے انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے تحت جامع اور فعال حکمت عملی اختیار کی جس میں کرپشن کے خلاف آگاہی اس کی روک تھام اور ملک سے اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے نیب خیبر پی کے پر زور دیا متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر مختلف محکمہ جات میں کمیٹیاں قائم کریں۔
چیئرمین نیب