کراچی(وقائع نگار) سابق صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی ڈیل جندال سے کی جا رہی ہے مگراس معاملے میں فرنٹ مین کسی اور کو بنایا جا رہا ہے‘ بھارتی صنعتکار کو ملک کے وزیراعظم سے چھپ کر ملاقات کرنا بھیانک ہے۔ پاناما لیکس ہو یا نیوز لیکس ہر چیزمیں نوازشریف کی بدنیتی نظر آ رہی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شرجیل میمن کے خلاف عدالت میں 5 ارب روپے کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی‘ وکیل صفائی نے کہا الزامات لگا کر بوریاں بھر بھر کر ثبوت پیش کئے ۔ لیکن تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا‘ میرے موکل کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔آئی این پی کے مطابق شرجیل میمن نے کہا وزیر اعظم بادشاہ سلامت ہیں جو ملک کوانگلی کے اشاروں پر چلانا چاہتے ہیں۔صحافی نے ان سے کہا کہ کراچی شہر کا برا حال ہے جس پرانہوں نے کہا صورتحال پہلے سے بہتر ہے،وزیر اعلیٰ اور جام خان شورو کام کر رہے ہیں،مسائل ہیں،آئیڈیل صورتحال نہیں ہے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا مئیرکراچی بیان بازی دھرنوں کے بجائے حکومت کے ساتھ بیٹھ جائیں،مل بیٹھ کر اپنے کام کو بانٹ کر اچھے طریقے سے کرسکتے ہیں۔
شرجیل میمن