آئیں روٹی‘ کپڑا‘ مکان کی فراہمی کیلئے ملکر کام کریں: بلاول

May 07, 2017

کراچی+ کوئٹہ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والے لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ کراچی کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کردیں۔ کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر اور امن کا گہوارا بنانے بشمول ہر شہری کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی کے لئے آئیے ہم سب مل کر کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ 8 ماہ کے دوران پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے 100 سے زائد عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی تمام طبقات اور پورے پاکستان کی پارٹی ہے اور اس کے بانی قیادت کا یہی وژن تھا پاکستان کی بھاگ دوڑ عوام کے ہاتھوں میں دے کر اسے مضبوط جمہوری مملکت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی عوامی حقوق کے حصول اور ملک کے لئے آگے بڑھ کر عوام کی قیادت کرنے کا طویل تجربہ رکھتی ہے۔ انہوں نے پشین گوئی کرتے ہوئے کہا 2018 ءکے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کراچی میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ کوئٹہ سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں پارٹی عہدیداروں پر تعیناتیوں کی منظوری دیدی۔ میر چنگیز جمالی پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر‘ جان علی چنگیزی اور میرمولا بخش نائب صدور‘ ربانی خان خلجی کو پی پی پی بلوچستان کا ڈپٹی جنرل سیکرٹری‘ حفیظ المالک مینگل پی پی پی بلوچستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات‘ عبدالحمید خان کاکڑ کو پی پی پی بلوچستان کا فنانس سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
بلاول

مزیدخبریں