کشمیری خواتین کے کردار کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کا پروگرام 11,10مئی کو ہوگا

May 07, 2017

اوسلو(نیٹ نیوز) کشمیری خواتین کے کردار کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ میں 2 روزہ پروگرام 10 اور 11 مئی کو منعقد ہوگا، پروگرام کا انعقاد کشمیر کونسل ای یو یورپی پارلیمنٹ کے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے تعاون سے کررہی ہے۔ جنوبی ایشیا کے تناظر میں ’امن اور جمہوریت کے لیے خواتین کی تعلیم‘ کے عنوان سے اس 2 روزہ پروگرام کے پہلے روز بین الاقوامی کانفرنس ہوگی اور دوسرے روز کو ایک ورکشاپ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ پروگرام میں مختلف ملکوں سے اراکین پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے علمبردار، ماہرین اور دانشور شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر کونسل یورپ ( ای یو ) کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد جنوبی ایشیا کے تناظر میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا ہے، خاص طور پر متنازع علاقے کشمیر میں خواتین کے کردارکو سامنے لانا ہے کہ وہ کس طرح اپنے علاقے میں امن و جمہوریت کے لیے مغربی خواتین کے تجربات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن اور جمہوریت کے لئے خواتین کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ وہ اپنی جدوجہد کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس کشمیر میں خواتین کے حقوق، امن و جمہوریت کے لیے ان کے بہتر کردار کو اجاگرکرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگی۔
کشمیری خواتین/پروگرام

مزیدخبریں