برطانیہ میں کشمیر پر ہمارے موقف کا تحفظ کرنیوالوں کو کشمیری ووٹ دیں: بیرسٹر سلطان

بریڈ فورڈ‘ ڈیوز بری‘ لیڈز‘ مانچسٹر‘ (این این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ کے انتخابات میں یہاں پر مقیم کشمیری بھرپور حصہ لے کر نہ صرف تحریک آزادی کو تقویت دیں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔ مقیم کشمیری یہاں کی ٹریڈ یونینز، سیاسی سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ اب آپ لوگ یہاں اس کمیونٹی کا حصہ بن چکے ہیں اور ان انتخابات میں ایسے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں جو کشمیر پر ہمارے موقف کوتحفظ دے سکیں اور مسائل بھی حل کرا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سات شہروں میں برطانوی پارلیمنٹ کے نتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کی انتخابی مہم کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان شہروں میں بریڈفورڈ، ڈیوز بری، لیڈز، مانچسٹر، اولڈھم، ہیلی فیکس، برلے اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈیوز بری میںبرطانوی ممبرپارلیمنٹ پاﺅلہ شیرف کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی یہ میری حمایت سے جیتی تھیں اور یہ پارلیمنٹ کی آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کی بھی ممبر ہیں۔ لہٰذا انہیں یہاں پر مقیم کشمیری ووٹرز ووٹ انہیں دیکر کامیاب کرائیں۔ ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے لئے آواز اٹھائی ہے میں خود یورپی پارلیمنٹ میں انکے ساتھ یورپی پارلیمنٹ کی صدر اور دیگر اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔
بیرسٹر سلطان

ای پیپر دی نیشن