پشاور+ سیالکوٹ (بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں+نامہ نگار) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا گورننس سسٹم تباہ ہوگیاہے، پی آئی اے اور اسٹیل ملز میں نجم سیٹھی جیسے لوگ بیٹھے ہیں ،چین نے 25 سال میں پچاس کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال لیا، ہمیں یہ سیکھنا ہو گا ،اپنی ذات کے حوالے سے خواب دیکھنے والا کبھی ترقی نہیں کر سکتا ،اللہ انسان کو عزت دیتا ہے اور پیسوں سے عزت خریدی نہیں جا سکتی ، ،خیبرپی کے پاکستان کاسب سے زیادہ ترقی یافتہ صوبہ بننے جارہاہے۔پشاور میں یوتھ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اسٹیل ملز پہلے آٹھ ارب منافع میں تھا اب تین ارب خسارے میں ہیں,ملک کے ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں پہلے جو بھی انڈسٹری بنتی تھی این او سی وزیراعلیٰ دیتا تھا۔ اب صنعتوں کے لیے کسی این او سی کی ضرورت نہیں ،آئی ٹی ہمارا مستقبل ہے، خواتین گھروں میں بیٹھ کر دنیا سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔ ایک وقت آئے گا ہم بھارت کے غریبوں کو زکوۃ بھیجیں گے، چین کے لوگ اردو سیکھیں گے۔ ہمارا سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کو روزگار دینا ہے۔ زندگی میں وہی لوگ ترقی کرتے ہیں جن کے ارادے پختہ ہوں، انسانیت کیلئے کچھ کرجانے والے دنیا میں یاد رکھے جاتے ہیں، اپنی ذات کے حوالے سے خواب دیکھنے والا کبھی ترقی نہیں کر سکتا، دنیا میں بڑے بڑے امیروں اور بادشاہوں کو کوئی یاد نہیں رکھتا، ان لوگوں کو یاد رکھا جاتا ہے جو اپنی زندگی دوسروں کیلئے وقف کر دیتے ہیں۔ پاکستان اسٹیل پہلے 8 ارب روپے منافع میں تھی لیکن اب پاکستان اسٹیل کو 3 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔ ایک وقت ایسا تھا جب پی آئی اے دنیا کی 5 بہترین ہوائی کمپنیوں میں سے ایک تھی لیکن لگتا ہے وہاں بھی کوئی نجم سیٹھی جیسا شخص بیٹھا ہے، جب نجم سیٹھی جیسے لوگ اوپر بیٹھے ہوں تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ کبھی تو بھارت، ایران اور افغانستان سے معاملات ٹھیک ہوں گے، ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر ہونے پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ عمران خان نے بہتر مستقبل کیلئے نسخہ بھی بتا دیا عمران خان کا کہنا ہے کہ ہندوستان‘ ایران اور افغانستان سے بہتر تعلقات ضروری ہیں ایسا ہو جائے تو سی پیک ترقی کا بڑا موقع ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ تمام شعبوں میں نہ صرف تیزی کے ساتھ ترقی کی منزلیں طے کرنے لگا ہے بلکہ یہ مواقع کی سرزمین بن گیا ہے۔ چین کے ساتھ قربت اور سی پیک کی بدولت اب ہمارا صوبہ سرمایہ کاروں کی جنت بننے لگا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جو بھی ہو گا قبول کریں گے۔ جے آئی ٹی میں جو نام ہیں ہمیں قبول ہیں۔ ڈان لیکس کی جے آئی ٹی مینج ہوئی۔ قطری خط کو کسی نے تسلیم نہیں کیا۔ نواز شریف کا سارے اداروں پر قبضہ ہے۔ ایک سال سے طوطا مینا کی کہانی چل رہی ہے۔ چور تو چھوٹی بات ہے یہ ڈاکوؤں کے سردار ہیں۔ ایک جھوٹ بولنے کیلئے انہوں نے 100 جھوٹ بولے۔ تیس سال میں انہوں نے رشوت لینے اور دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ عدالت جانے کا انتظار کر رہا ہوں۔ میرے پاس جو ان کی 10 ارب کی پیش کش لے کر آیا اس کا نام بھی بتاؤں گا۔ نام لوں گا تو اس کا کاروبار تباہ ہو جائے گا۔ شہباز شریف کا اصل ڈرامہ شہباز شریف کو پتہ ہے ڈبل کرنے والا کون ہے۔ ڈان لیکس فوج کا نہیں قوم کا ایشو ہے۔ ملک کی سکیورٹی فوج کے ہاتھ ہے۔ مریم نواز موٹو گینگ کی سربراہ ہیں۔ سب کا خیال ہے کہ مریم نواز کو بچایا گیا ہے نچلے رینک کے فوجی افسران میں کافی غصہ ہے۔ اگر وزیراعظم ہوتا تو 48 گھنٹے میں احتساب ہو چکا ہوتا۔ مزید برآں عمران خان آج سیالکوٹ کے جناح سٹیڈیم میں چھ بجے شام جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور جلسہ کی کامیابی کیلئے جناح سٹیڈیم اور سڑکوں کو سجا دیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ تیار ہے اور گراؤنڈ میں ہزاروںکرسیاں لگائی گئی ہیں۔ جلسہ میں سکیورٹی کیلئے پولیس کے ایک ہزار اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے واک تھرو گیٹ نصب کئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے بھی بینر لگا دئیے جن پر تحریر ہے ’’شکریہ نوازشریف، انشاء اللہ افتتاح 23 مارچ 2018ء کو سیالکوٹ لاہور موٹروے ۔‘‘
پانامہ جے آئی ٹی کے نام قبول‘ نیوز لیکس فوج نہیں قوم کا ایشو ہے: عمران
May 07, 2017