لاہور+ قصور+ چونیاں +چھانگامانگا (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پارٹی رہنماؤں منظور احمد وٹو ،سردار لطیف کھوسہ اور قمر زمان کائرہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں حکومت مخالف احتجاج اور پنجاب میں سیاسی اتحاد بنانے کا ٹاسک مشاورت کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو سونپ دیا گیا جبکہ لوڈشیڈنگ کیخلاف چاروں صوبوں میں احتجاج مزید جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی الگ الگ ملاقاتوں میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور سمیت پنجاب میں سیاسی اتحاد اور حکومت مخالف احتجاج کیلئے تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی طویل مشاورت کے بعد سابق صدر نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو اتحاد بنانے کا ٹاسک سونپ دیا جبکہ حکومت کے خلاف چاروں صوبوں میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بھر پور احتجاج جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آصف علی زرداری نے رہنماؤں سے گفتگو میں کہا حکمران اپنی نااہلی کے باعث بُری طرح پھنس چکے ہیں بچ نہیں سکتے عوام سے بلند وبانگ دعوے کرنے والے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے جب ان کو وعدے یاد کراتے ہیں تو وہ مشتعل ہو جاتے ہیں جو عجیب اور سمجھ سے بالاتر ہے۔ سابق صدر نے کہا ہم جھوٹے اور لٹیرے حکمرانوں کو نہ صرف ان کے وعدے یاد دلاتے رہیں گے بلکہ عوام کے ساتھ مل کر آئندہ ایسے مفاد پرست ٹولے کو اقتدار پر قابض نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ چونیاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری، سابقہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو، سابق وفاقی وزیر ندیم افضل چن کے ہمراہ سابقہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عارف نکئی کی اہلیہ، سابقہ وفاقی وزیر سردار محمد آصف نکئی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرنے کیلئے ان کے گھر واں آدھن، پتوکی پہنچے جہاں پر سابقہ وفاقی وزیر سردار طالب نکئی، سردار اویس نکئی، چوہدری ندیم اشرف جٹ،چیئرمین ملک نعیم سردار اشتیاق نکئی نے سابق صدر کا استقبال کیا۔ مرحومہ کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر تعزیت کرتے ہوئے سابقہ صدر آصٖف علی زرداری نے کہا ماں سے بڑھ کر دنیا میں کوئی نعمت نہیں ۔ ماں کی موجودگی گھر میں باعث برکت اور دعائوں کا ذریعہ ہے۔ ماں کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔ ماں دنیا میں اللہ کا سب سے بہترین تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ دنیا کا دستور یہی ہے جو اس دنیا میں آیا بالآخر اس دنیا سے جانا ہے۔ اس لئے ہمیں دنیا میں رہتے ہوئے ایسے کام کرنا چاہئیں جو آخرت میں نجات کا ذریعہ بن سکیں۔ قصور سے نامہ نگار/ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اس موقع پر ندیم اختر چن جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی، رائے شاہ جہان بھٹی نائب صدر، طارق حسین شاہ ضلعی صدر، مرزا نسیم الحسن جنرل سیکرٹری قصوراور دیگر پارٹی رہنما،عہدیدار اور ورکرز بھی موجود تھے۔ چھانگامانگا سے نامہ نگارکے مطابق آصف علی زرداری کے دورہ کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے آصف علی زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے واں آدھن پہنچے۔انہوں نے ایک گھنٹہ نکئی ڈیرہ پر گزارا اورتاہم وہ میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوئے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے سیاسی سرگرمیاں تیز کردیں۔ سابق صدر آج تیمرگرہ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔