کوئٹہ + الپوری(نوائے وقت نیوز + نامہ نگار)بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں حادثات کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، دو حادثات میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 23 ہوگئی، نو مزدور زخمی ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے مرنیوالوں کے لواحقین کیلئے تین تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپین کاریز اور مارگٹ کی کوئلے کی کانوں میں حادثات گزشتہ روز پیش آئے۔سپین کاریز میں سرکاری پی ایم ڈی سی کوئلے کی کان میں حادثہ پیش آیا، ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ آپریشن کے دوران مزید پانچ مزدوروں کی لاشیں نکالیں جس کے بعد جاں بحق مزدوروں کی تعداد سات ہوگئی، دو افراد زخمی بھی ہوئے۔اس سے پہلے مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 16 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے تھے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔ امدادی کاموں میں ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے نے بھی حصہ لیا۔ دونوں حادثات میں جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق سوات سے تھا جن کی میتیں آبائی علاقے کو روانہ کر دی گئیں۔زخمی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق دونوں کان حادثوں کی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری مقرر کی جائے گی۔ کورٹ آف انکوائری کی منظوری سیکرٹری معدنیات دیں گے جس میں متعلقہ کوالیفائیڈ ماہرین کے علاوہ لیبر یونین کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ دونوں کوئلہ کان حادثوں کی علیحدہ علیحدہ تحقیقات ہوں گی اور ححادثوں کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ کوئٹہ کوئلہ کان میں دھماکے سے تین کان بیٹھ جانے سے شانگلہ سے تعلق رکھنے والے جاں بحق 23 افراد کی میتوں کو شانگلہ پہنچادیا گیا ۔اجتماعی نما ز جنازوں کے بعد سپردخاک کرد یا گیا۔ جا ں بحق ہونیوالوں میں دو سگے بھائی ہیں۔ کوئلہ کان میں دھماکے میں زخمیوں 7مزدوروں کو کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملبے تلے دبے کان کنوں ریسکیو آپریشن کے ذریعے نکا لا گیا۔بلوچستان کے علاقے مارواڑ مارگٹ اور سپین کاریزپی ایم ڈی سی میں کوئلے کی کان میں گیس بھرجانے سے زوردار دھما کے ہوئے جس کی وجہ سے تین کان بیٹھ گئی۔ حادثات میں جا ںبحق ہونے والے محنت کشوں کا تعلق شانگلہ سے ہے۔ مارواڑ کاریز حادثات میں زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔ مارواڑ مارگٹ کائلہ کان جاں بحق ہونیوالوں میں عبداللہ، عبدالحق پسران عبدالقیوم، لیاقت علی، رحیم، جاوید، نصراللہ، محمد وحید، حضرت نبی، فوجون، محمد خالد، عبدالطیف، نصیب اللہ، جہان زر، دلاور ، ان سب محنت کشوں کا تعلق زڑہ ،شلاﺅو،دولو یونین کونسل ڈھیری سے ہے جبکہ کاریز پی ایم ڈی سی میں کائلہ کان جا ں بحق ہونے والوں میں گل فرین، شیرباز، فیاض، خان بادشاہ، ابراہیم، عبدالحلیم اور منور شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بخت زمان، انعام الحق، گل نیروز اور ممتاز شامل ہیں ۔
23 افراد سپردخاک
بلوچستان کان حادثات‘ ریسکیو آپریشن مکمل‘ مزید 5 کان کنوں کی نعشیں نکال لی گئیں
May 07, 2018