راولپنڈی (نیوز رپورٹر) اطلاعات و نشریات کی وفاقی وزیر مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ عوام 2018 ءکے انتخابات میں لاڈلے کا سارا لاڈ نکال دیں گے۔ ایسا لاڈ نکالیں گے کہ اسے لاڈلہ بنانے والوں کے منہ بھی کھلے کے کھلے رہ جائیں گے۔ سیاست سے شائستگی کو ختم کرنے اور نفرت کو فروغ دینے والے سے عوام ووٹ کی طاقت کے ذریعے انتقام لیں گے جسے وہ صدیوں یاد رکھے گا۔ اہلیان راولپنڈی نے تو اس کا مکروہ چہرہ دیکھ لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دوبارہ راولپنڈی آنے کی جرا¿ت نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز شریف پارک کے افتتاح کے موقع پر بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے ساڑھے چار سال میں صرف نفرت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کا دعویٰ کرنے والے نے اپنے صوبے سے کرپشن کا ادارہ ہی غیر فعال کر دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان صاحب سب سے لاڈلے ہیں وہ پارلیمنٹ پر حملہ کریں تو پھر بھی بری ، پی ٹی وی پر حملہ کریں تو بری، قانون کے محافظوں پر تشدد کریں تو بھی بے گناہ۔ وہ فارن فنڈنگ اور اثاثوںکا اعتراف کرنے کے باوجود لاڈلے ہیں۔ اس کے مقابلے میں ایک شخص کی بیوی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے لیکن اسے اپنی بیمار بیوی اور اس کی بیٹی کو اپنی بیمار ماں کے پاس جانے کی اجازت نہیں، عمران جتنی مرضی گالم گلوچ کر لیں نفرت کا اظہار کر لیں عوام کے دلوں سے نوازشریف کی محبت کو نہیں نکال سکتے۔ نوازشریف دو بار وزیراعلیٰ اور تین بار وزیراعظم بنے ان پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا ہم نے ملک سے اندھیروںکو دور کیا ہے، عمران نے جن اداروں پر سیاست میں مداخلت کا الزام لگایا ہے انہیں چاہےے کہ وہ اس کے خلاف ایکشن لیں، حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف نے عوام سے کئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔
مریم اورنگ زیب
انتخابات میں عوام لاڈلے کا سارا لاڈ نکال دیں گے: مریم اورنگ زیب
May 07, 2018