ووٹ نہیں ووٹر کو عزت دو‘ مجلس عمل سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے : سراج الحق

اسلام آباد/ کراچی (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے متحدہ مجلس عمل سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے، گالی گلوچ اور اچھل کود کی سیاست ختم ہو رہی ہے میرا یقین ہے ہمیں کسی کا سہارا نہیں لینا پڑے گا اور بڑی اکثریت کے ساتھ خیبر پی کے میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت بنے گی۔ 13 مئی کو مینار پاکستان پر ایم ایم اے بہت بڑا جلسہ منعقد کرےگی، خلائی مخلوق کے بارے میں وہ بہتر بتا سکتے ہیں جنہوں نے یہ بیان دیا ہے۔ امریکہ کو ویتنام اور افغانستان میں شکست ہو چکی، اسلامی حکومت میں مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ ہوگا، اب ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار کا دور ختم ہو رہا ہے، مدارس کے لیے بجٹ میں کوئی فنڈ نہیں رکھا گیا اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا متحدہ مجلس عمل بحال ہو گئی ہے اور یہ زمینی حقیقت ہے یہ دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں بلکہ یہ متبادل سیاسی پلیٹ فارم ہے متحدہ مجلس عمل کی وجہ سے عام اور غریب آدمی کے لیے ایوانوں کے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا الیکشن کے بعد کون کس کا ساتھ دے گا یہ وقت بتائے گا۔ انہوں نے کہا ایم ایم اے کا تین صوبوں کا نظم بن گیا ہے خیبر پی کے میں بھی بہت جلد تنظیم بن جائےگی۔ وزیرستان ہم اس وقت بھی جاتے تھے جب پولیٹیکل ایجنٹ ہمارے راستے بند کرتے تھے اور پولیٹیکل ایجنٹ ایک بادشاہ بنا تھا اﷲ کا شکر ہے وہ بادشاہت آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے آج بھی ہمارا یہی مطالبہ ہے قبائلی عوام کو ان کا حق دیا جائے۔ عمران خان اور نواز شریف کے بیانات کی وجہ سے الیکشن کے پورے نظام پر ووٹر کا اعتماد بڑا مجروح ہوا ہے اور اب الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ووٹر کا اعتماد الیکشن پر بحال کریں اور الیکشن،جمہوریت اور سیاست سے مایوسی ملک کے لیے نیک شگون نہیں سمجھتا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سراج الحق نے کراچی میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے گرین پاکستان بنانے کا عزم کیا ہے نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں ملک کی اصل طاقت ہمارے نوجوان ہیں، نوجوانوں کے ذہن بدلنے کیلئے نصاب میں تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے، نوجوانوں کو دیکھ کر یقین ہو گیا تبدیلی اس ملک کا مقدر ہے۔ ہم کرپشن فری پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ میں نوجوانوں کو اسمبلیوں میں دیکھنا چاہتا ہوں، مزدور کا مسئلہ مزدور جانتا ہے، کسان کا مسئلہ کسان جانتا ہے۔ میں بھی ایک مزدور ہوں، چھٹیوں میں طلباءسیر کرنے جاتے تھے میں ہاسٹل کے اخراجات کیلئے مزدوری کرتا تھا۔ ہماری حکومت آئی تو نوجوانوں کو بیروزگاری الاﺅنس دیں گے، قوم کا سرمایہ نوجوان ہیں پیسہ نہیں، کھیل کے میدان آباد ہونا چاہئیں۔ ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بت کو پاش پاش کر دیں، آج کے سیاستدان ایک دن لڑتے ہیں دوسرے دن بغلگیر ہو جاتے ہیں، آج کے حکمران جعلی سیاسی قیادت ہیں، کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، میں کہتا ہوں ووٹر کو عزت دو۔ جب تک ووٹر کو عزت نہیں ملے گی سیاست اور جمہوریت کو عزت نہیں ملے گی۔ ہمارا دشمن ہمارے نوجوانوں سے ڈرتا ہے، پاکستان میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، کرپشن ختم کر کے پیسہ ملک کے عوام پر لگائیں گے، ہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، ہم سادہ لوگ ہیں واضح بتاﺅ یہ خلائی مخلوق کیا ہے، خلائی مخلوط جیسی باتوں سے ووٹر کا اعتماد مجروح ہوتا ہے، ایسے بیانات سے عوام کا انتخابی عمل سے اعتماد اٹھتا ہے، کیا اداروں کے خسارے کی ذمہ دار خلائی مخلق ہے، الیکشن کمشن ایسے بیانات کے ذمہ داروں سے وضاحت طلب کرے۔
سراج الحق

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...