الفیصل ٹاؤن:لنک بہار شاہ روڈکئی ماہ سے تعمیرکی منتظر، اہل علاقہ کوپریشانی کا سامنا

May 07, 2018

لاہور ( خبر نگار) یکم جنوری 2017ء کو لاہور کے نئے بلدیاتی سسٹم نے اپنا آغاز کیا اور لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید کی سر براہی میں بلدیہ عظمیٰ لاہور وجود میں آئی تو لاہور کے شہریوں کو توقع ہوئی کہ اب ان کے ترقیاتی کام بآسانی ہوا کریں گے۔ لیکن لاہور کے شہریوں کی یہ امید جلدی ختم ہو گئی ۔ کیونکہ یہ نظر آ گیا کہ نیا بلدیاتی نظام ’’دانتوں‘‘ کے بغیر ہے۔ لہٰذا ’’ شہر‘‘ دانتوں کے بغیر کہا کرے گا عوام کو پتہ چل گیا نئے بلدیاتی نظام کا پہلا سال ہی مایوس کن تھا کہ بلدیاتی نمائندے ووٹروں کو یہ کہتے نظر آئے کہ جب ملاہی کچھ نہیں تو گلی ، نالی کیسے تعمیر کریں۔ 2018کا سال آیا تو لاہور کے شہریوں کو امید بندھی کہ اب الیکشن قریب ہے لہٰذا ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ایسا ہوا بھی ترقیاتی کام شروع ہوئے۔ مگر کچھ بد قسمت ایسے ہیں جہاں یہ کام ادھورے چھوڑے گئے ۔ لاہور کی یونین کونسل 150العقیل ٹائون کے ڈی بلاک کی لنک بہار شاہ روڈ کی تعمیر شروع ہوتی تو وہاں کے مکینوں نے اپنے چیئر مین یونین کونسل وائس چیئر مین اور کونسلروں کا پیشگی شکریہ ادا کر دیا۔ انہیں کیا پتہ تھا کہ وہ اس کام کا شکریہ ادا کر رہے ہیں جو شروع تو ہوا ہے مگر ختم کب ہو گا یہ پتہ نہیں ۔ لنک بہار شاہ روڈ کی تعمیر نصف کام مکمل ہونے کے بعد اچانک روک دی گئی۔ ٹھیکیدار کو فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں مگر کام مکمل نہیں ہوا ہے شہری تین ماہ سے منتظر ہیںکہ کسی دن اچانک سڑک کی تعمیر دوبارہ شروع ہو جائے گی ۔ علاقہ کے مکین روزانہ چیئر مین اور وائس چیئر مین کے در دولت پر دستک دیتے ہیں ان کی شکل دیکھتے ہی انہیں صبر کا سبق ملتا ہے۔ شہری پریشان ہیں یہ صبر کب رنگ لائے گا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید سے اپیل کی ہے کہ ان کی اس نا مکمل سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے ۔

مزیدخبریں