واشنگٹن(آن لائن)امریکی بحریہ کے ایک اعلیٰ ایڈمرل نے شمالی بحراوقیانوس میں گشت کرنے اور روس کے سر اٹھاتے خطرے سے نمٹنے کیلئے یو ایس سیکنڈ بیڑہ دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کیاہے،یہ سرد جنگ زمانے کا بیڑہ ہے جسے 2011ء میں غیر فعال کیا گیا تھا۔ امریکی بحری آپریشنز کے سربراہ ایڈمرل جان رچرڈسن نے ریاست ورجینیا کے اوقیانوسی بندرگاہ نورفوگ میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔ بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق رچرڈسن نے کہا ہے کہ ہماری قومی دفاعی سٹریٹیجی یہ واضح بناتی ہے کہ ہم بڑی طاقتوں کے مقابلے کے دور میں واپس چلے گئے ہیں،کیونکہ سلامتی ماحول مسلسل چیلنجنگ اور پیچیدہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج ہم ان چیلنجز بالخصوص شمالی بحراوقیانوس میں سیکنڈ فلیٹ کو دوبارہ فعال بنا رہے ہیں۔ سیکنڈ فلیٹ کمانڈ کو2011ء میں اخراجات میں کٹوتی کے عمل کی مہم کے دوران غیر فعال کیا گیا تھا اور اس کے اثاثے اور اہلکاروں کو بحر یہ میں شامل کیا گیا تھا۔ نئی کمانڈ امریکی مشرقی ساحل کے علاوہ شمالی اوقیانوسی خطے میں امریکی بحری فورسز کا ذمہ دارہوگا،یہ بات بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتائی گئی ہے۔