حوثی باغی مکہ معظمہ پر حملہ کر کے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں: ساجد میر

May 07, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے حوثی باغی مکہ معظمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔جس طرح فلسطین میں قابض یہودی مسجد اقصیٰ کی آئے روز بے حرمتی کرتے اور مقدس مقامات کی توڑپھوڑ کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں حوثی باغی بھی یہودیوں کی مانند اسلام سے بغض، نفرت اور دشمنی میں حرمین شریفین کا تقدس پامال کررہے ہیں۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام ونامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب عبدالمالک مجاہد کی طرف سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب آمد خوش آئند ہے ۔پاک فوج سعودی عرب کو اندرونی سکیورٹی خطرات میں معاونت کے لیے بھیجی گئی ہے اور پارلیمنٹ کی ماضی کی قرار داد میں بھی واضح کیا گیا تھا کہ پاک فوج بیرونی فورسز سے نہیں لڑے گی صرف ان کی مدد کرے گی۔ پروفیسر ساجد میر نے اپنے دورے کے دوران رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنس میں شرکت کریں گے علاوہ ازیں سعودی شیوخ، وزراء اور امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ آپ کے ہمراہ وفد میں ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم بھی شامل ہیں ۔

مزیدخبریں